ہنوئی: (ویب ڈیسک) ویتنام کے متعدد وسطی صوبوں میں بارشوں اور سیلاب سے 13 افراد ہلاک جبکہ 11 لاپتہ اور 34 زخمی ہوگئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویتنام ڈیزاسٹر اینڈ ڈائک مینجمنٹ اتھارٹی نے رپورٹ میں بتایا کہ ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے، 56 گھر منہدم ہو گئے یا بہہ گئے جبکہ تقریباً 150 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث 4,900 ہیکٹر پر مشتمل دھان اور دیگر فصلیں زیرِ آب آگئیں، 790 ہیکٹر رقبے پر لگے پھلدار درخت متاثر ہوئے جبکہ 17,700 سے زائد مویشی ہلاک ہوگئے ہیں، رپورٹ میں بتایا کہ بجلی کی بندش کے باعث چار صوبوں اور شہروں میں 4 لاکھ 38 ہزار سے زائد گھرانے متاثر ہوئے ہیں۔
روسی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی 29 ٹن امدادی اشیاء جن میں خیمے، کمبل، ریسکیو کشتیاں اور دیگر ضروری سامان شامل ہیں ہیُو شہر کے سیلاب زدہ متاثرین میں تقسیم کر دی گئی ہیں۔

			
			
			
			
			
			
			
			
  
          
		  
         
		  
         
		  
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
