سابق فلسطینی صدر یاسر عرفات کو گزرے 21 برس بیت گئے

Published On 11 November,2025 03:11 am

غزہ: (دنیا نیوز) سابق فلسطینی صدر یاسر عرفات کو گزرے 21 برس بیت گئے۔

سابق فلسطینی صدر یاسر عرفات کیلئے فلسطین سمیت دنیا بھر میں آج تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، یاسر عرفات کی جدوجہد دیکھ کر فلسطینیوں کے حوصلے آج بھی زندہ ہیں، یاسر عرفات پہلے فلسطینی صدر تھے، سوئس لیبارٹری کے مطابق ان کو زہر دے کر قتل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سابق فلسطینی صدر یاسر عرفات کی بیوہ سُہاعرفات کا اپنے شوہر اور فلسطین کی آزادی کے لئے طویل عرصہ جدوجہد کرنے والے عظیم رہنما کی موت کے حوالے سے ایک اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سہا نے انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ یاسرعرفات کو اسرائیل نے نہیں بلکہ کسی فلسطینی نے زہر دیا ہے۔

سُہاعرفات نے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیان کو غلط طریقے سے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے، اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر وضاحتی بیان میں سہا کا کہنا تھا کہ یاسر عرفات کا مقدمہ ابھی بھی عدالت میں ہے اور میں کسی پر ان کے قتل کا الزام نہیں لگاسکتی اور میرے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت بھی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یاسر عرفات کی شہادت کے بعد سے اب تک میرا وہی بیان ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، وہی بات میں نے انٹرویو میں کہی تھی اور آئندہ بھی کہوں گی۔

خیال رہے کہ پیرس کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج یاسرعرفات گیارہ نومبر 2004ء کو نامعلوم بیماری کے باعث 75 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے اور ان کی موت کو مشکوک قرار دیا گیا تھا اور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے یاسر عرفات کی موت کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا تھا، جبکہ اس حوالے سے تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔