جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، متعدد فلسطینی شہید

Published On 09 November,2025 02:40 am

غزہ: (دنیا نیوز) جنگ بندی کے باوجود جنوبی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں جن کے باعث خان یونس اور رفاہ میں مکانات مسمار اور شہدا کی تعداد بڑھتی جا رہی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق امدادی کارکن ملبے سے لاشیں نکالنے میں مصروف ہیں، امدادی کارکنوں نے ملبے سے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی 9 میتیں نکال لیں، 10 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 241 فلسطینی شہید جبکہ 614 زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 69 ہزار 169 ہو گئی جبکہ 1 لاکھ 70 ہزار 685 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں، غزہ پٹی میں امدادی سامان کی رسائی محدود ہونے اور بنیادی سہولیات کی کمی سے شدید انسانی بحران پیدا ہوچکا ہے، اقوام متحدہ اور غیر ملکی ادارے پھنسے ہوئے شہریوں تک رسائی بڑھانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

خوراک، پانی اور دواؤں کی کمی نے فلسطینیوں کی حالت مزید خراب کر دی، عالمی تنظیموں نے اسرائیلی اور مقامی حکام سے فوری اور بلا روک ٹوک امدادی ترسیل کی اپیل کر دی۔