اسرائیل سے تعلقات استوار، قازقستان ابراہم معاہدے میں شامل، ٹرمپ کی تصدیق

Published On 07 November,2025 06:22 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وسطی ایشیائی ملک قازقستان باضابطہ طور پر ابراہم معاہدے میں شامل ہوگیا۔

 وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وسطی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں قازقستان کے صدر بھی شریک تھے، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ قازقستان باضابطہ طور پر ابراہم معاہدے میں شامل ہوگیا ہے۔

 امریکی صدر نے کہا کہ قازقستان کے صدر اور اسرائیلی وزیراعظم میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا، یہ پیشرفت دنیا میں امن، تعاون اور خوشحالی کے فروغ کی سمت ایک نمایاں قدم ہے، دیگر کئی ممالک بھی کلب میں شامل ہو کر اسے مضبوط کریں گے، غزہ میں انٹرنیشنل فورس جلد تعینات ہوگی، حماس امن معاہدے کا چھوٹا سا حصہ ہے، حماس نے گڑبڑ کی تو اس کے خلاف طاقت کا استعمال کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ قازقستان ایک شاندار ملک ہے اور اس کی قوم باصلاحیت قیادت رکھتی ہے، قازقستان میری دوسری مدتِ صدارت میں ابراہم معاہدے میں شامل ہونے والا پہلا ملک بن گیا ہے، اس موقع پر صدر قازقستان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 ماہ میں 8 جنگیں رکوائی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ آج ایک اور ملک ابراہم معاہدے میں شامل ہونے جا رہا ہے، تاہم وٹکوف نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ کون سا ملک ہوگا جو ابراہم معاہدے کا حصہ بننے جا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران باضابطہ طور پر اعلان کریں گے کہ ان کا ملک ابراہم معاہدے میں شامل ہو رہا ہے۔