غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں، متعدد علاقوں میں حملے کئے گئے۔
صیہونی فورسز کے حملوں میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ میں کلینک کے ملبے سے 35 ناقابل شناخت لاشیں برآمد ہوئیں، اسرائیل کی مسلط 2 سالہ جنگ میں فلسطینی شہدا کی تعداد69 ہزار182 تک پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بنیادی ڈھانچے اور رہائشی عمارتوں کی تباہی کا سلسلہ جاری رہا، غزہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل کے حملے تھم نہیں سکے، اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے دوران 31 میں سے 25 دن حملے جاری رکھے۔
عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ جنگ بندی کے بعد صیہونی حملوں میں 242 فلسطینی شہید، 622 زخمی ہوئے، 19 اور 29 اکتوبر کو اسرائیلی حملوں میں 154 افراد شہید ہوئے، اسرائیل نے 10 اکتوبر سے 10 نومبر تک 282 خلاف ورزیاں کیں، اسرائیل نے ایک ماہ میں غزہ پر 124 بار بمباری اور 52 بار مکانات تباہ کیے۔
عرب میڈیا کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے امدادی سامان کی ترسیل روک کر انسانی بحران کو مزید بڑھایا ہے، صیہونی فورسز کی جانب سے غزہ میں بنیادی ڈھانچے اور رہائشی عمارتوں کی تباہی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔



