امریکا کا غزہ میں فوجی موجودگی سے انکار، بین الاقوامی افواج کی تعیناتی کی تیاری

Published On 12 November,2025 09:02 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پینٹاگون کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ امریکا غزہ کی پٹی میں کوئی فوجی نہیں بھیجے گا۔

انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ بین الاقوامی افواج کو فلسطینی علاقے کے قریب تعینات کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

پینٹاگون کے عہدیدار نے کہا ہے کہ اسرائیلی میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹس غلط ہیں تاہم اس نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ امریکا اور اس کے عالمی فوجی اتحادی مل کر غزہ کے علاقے کے قریب بین الاقوامی فوجی دستوں کو تعینات کرنے کے آپشنز پر کام کر رہے ہیں۔

ان افواج کو انٹرنیشنل سٹیبلائزیشن فورس کے تحت تعینات کیا جائے گا جو امریکی صدر کی غزہ امن منصوبے کی حمایت کریں گی۔

عہدیدار نے وضاحت کی کہ کسی امریکی فوجی کو غزہ میں تعینات نہیں کیا جائے گا جو کچھ بھی اس کے برعکس رپورٹ کیا جا رہا ہے وہ غلط ہے۔

اس سے پہلے اسرائیلی میڈیا میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ امریکا غزہ کی سرحد کے قریب 500 ملین ڈالر کی لاگت سے ایک فوجی اڈہ قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس میں کئی ہزار امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی گنجائش ہو گی۔