روس نے یوکرین پر میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کر دی، 19 افراد ہلاک، 66 زخمی

Published On 19 November,2025 07:56 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) روس یوکرین جنگ میں تیزی، روس نے میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کر دی۔

روسی میزائل حملوں سے یوکرین کے رہائشی علاقوں میں شدید تباہی اور آگ بھڑک اٹھی، روس نے یوکرین کے 153 علاقوں پر حملے کئے جن میں 19 افراد ہلاک، 66 زخمی ہوگئے۔

خارکیف سمیت کئی شہروں میں ڈرون حملوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ گئی، یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملوں نے بجلی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا، متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہوا۔

یوکرینی حکام نے کہا کہ روسی حملوں سے رہائشی عمارتوں ، ایک سکول، سپر مارکیٹ اور ایک ایمبولینس کو بھی نقصان پہنچا، زیلنسکی نے عالمی برادری سے مزید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی اپیل کر دی۔

صدر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے ملک کے متعدد علاقوں میں 470 ڈرونز اور 48 میزائل داغے، شہریوں پر حملے ظاہر کرتے ہیں کہ روس پر عالمی ممالک کا دباؤ ناکافی ہے۔

دوسری جانب روس کا اپنے موقف میں کہنا ہے کہ یوکرین میں توانائی و دفاعی اہداف کو ہی نشانہ بنایا گیا۔