صیہونی فوج کے رفاہ اور خان یونس میں حملے، فلسطینی شہید، متعدد زخمی

Published On 19 November,2025 08:02 pm

غزہ: (دنیا نیوز) جنگ بندی معاہدہ کے باوجود اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی جانوں کا ضیاع نہ رک سکا۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے رفاہ اور خان یونس کے علاقوں میں فضائی حملے کئے، صیہونی بربریت میں ایک فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غزہ میڈیا آفس کے مطابق 10 اکتوبر سے اب تک 279 فلسطینی شہید ہو چکے، اسرائیل نے 393 بار معاہدے کی خلاف ورزی کی، صیہونی فورسز کے حملوں میں 652 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ بار بار کی خلاف ورزیاں جنگ بندی کے معاہدے پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہی ہیں۔

یونیسیف کے مطابق غزہ میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 70 ہزار خاندان متاثر ہوئے، غزہ کے تباہ حال بچوں اور خاندانوں کی صورتحال تاحال انتہائی تباہ کن ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے میں اسرائیل فوج کا فیلڈ انٹیروگیشنز کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فورسز نے بیت اُمر میں 2 سو سے زائد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔