ہنوئی :(دنیا نیوز) ویتنام میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی، ہلاکتوں کی تعداد 55 ہو گئی۔
غیر ملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق درجنوں ہلاکتوں کے علاوہ 13 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ وسطی ویتنام میں گزشتہ ہفتے 1 ہزار 900ملی میٹرسے زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خطہ کافی کی پیداوار کا ایک بڑا بیلٹ ہے اور مشہور ساحلوں کی آماج گاہ ہے، صوبہ ڈاک لک میں 27،صوبہ کھان ہوا میں 14افراد ہلاک ہوئے ۔
دوسری جانب ڈیزاسٹر ایجنسی نے اِس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ سیلاب سے معیشت کو 445 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد مکانات سیلاب میں ڈوب گئے ہیں، سیلابی صورتِ حال میں 80 ہزار ایکڑ فصلوں تباہ ہوچکی ہیں ۔
علاوہ ازیں متاثرہ علاقوں میں کئی سڑکیں تباہ اور آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے بحالی کے کام تیز کرنے کیلئے حکومت نے مزید امدادی ٹیمیں روانہ کر دیں۔



