دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں منعقدہ دبئی ایئر شو 2025ء نے 202 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا جو 2023ء کے مقابلے میں دگنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی ایئر شو عالمی سطح پر منعقد ہونے والے سب سے بڑے ایوی ایشن ایونٹس میں سے ایک ہے جس میں 2 لاکھ 48 ہزار سے زائد ماہرین، ماہرینِ صنعت اور سیاحوں نے شرکت کی۔
ایونٹ میں 1500 سے زائد نمائش کنندگان نے حصہ لیا جن میں سے 440 نے پہلی بار شرکت کی جبکہ 115 ممالک کی 490 فوجی اور سول وفود نے بھی شرکت کی جو کہ اس ایئر شو کی بین الاقوامی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
نمایاں معاہدوں میں ایمریٹس ایئر لائن کا بوئنگ سے 65 اضافی 777-9 طیارے اور ایئر بس سے آٹھ اے 350-900 طیارے خریدنے کا معاہدہ شامل ہے جن کی مجموعی مالیت 41.4 ارب ڈالر ہے۔
ایونٹ میں اس بار تاریخ کا سب سے بڑا سپیس پویلین بھی شامل تھا جو یو اے ای سپیس ایجنسی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔



