ہانگ کانگ: رہائشی کمپلیکس میں خوفناک آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 65 ہوگئی

Published On 27 November,2025 06:56 pm

ہانگ کانگ: (دنیا نیوز) ہانگ کانگ کے شمالی علاقے میں واقع کثیرالمنزلہ رہائشی کمپلیکس میں گزشتہ رات لگنے والی آگ نے تباہی مچادی ہے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے کئی بلاکس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں اب تک 65 افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے جن میں سے 51 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے جب کہ دیگر نے دوران علاج ہسپتال میں دم توڑا۔

رہائشی عمارت میں لگی آگ کو 24 گھنٹے گزر چکے ہیں، پولیس کے مطابق متعدد افراد عمارت میں ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوشش جاری ہے جبکہ 1200 کے قریب افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

رہائشی کمپلیکس 8 بلاکس پر مشتمل ہے جس کی ہر عمارت 31 منزلہ ہے اور یہاں مجموعی طور پر لگ بھگ 2 ہزار اپارٹمنٹس اور تقریباً 5 ہزار کے قریب افراد رہائش پذیر ہیں، چینی صدر شی جن پنگ نے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔