امریکا نے افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستیں فوری روک دیں

Published On 27 November,2025 10:27 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے افغان شہریوں کی امیگریشن کی تمام درخواستیں غیر معینہ مدت کے لیے روک دیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق افغان شہری کی جانب سے واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں کو گولی مارنے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستیں فوری طور پر روک دی ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے امریکی سیٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروس نے کہا کہ افغان شہریوں کے لیے امیگریشن کی تمام درخواستیں غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہیں۔

امریکی امیگریشن ایجنسی کا کہنا ہےکہ افغان شہریوں کے لیے امیگریشن کی درخواستوں کی سکیورٹی اور جانچ پروٹوکول کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 26 نومبر کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں کو گولی مار دی گئی اور اہلکاروں کی حالت اس وقت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جس کی شناخت 29 سال کے افغان شہری رحمان اللہ لکنوال سے کر لی گئی۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیشنل گارڈز پر حملے کے بعد  تمام افغان شہریوں کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ جو بائیڈن کے دور میں کم از کم 76 ہزار افغان شہریوں کو امریکا خوش آمدید کہا گیا تھا جن میں وہ افراد شامل تھے جنہوں نے امریکا کے افغانستان پر حملے کے دوران امریکا کی مختلف شعبوں میں مدد کی تھی۔