ماسکو: (شاہد گھمن) ماسکو میں عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ماحولیاتی جدت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے ’’موسکو الیکٹروبَس‘‘ منصوبے کو سال 2025 کے اہم ترین منصوبوں میں شمار کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سرکاری ٹرانسپورٹ کمپنی "موسگورٹرانس" کے ڈائریکٹر جنرل نیکولائے اساول کو بین الاقوامی ایوارڈ "ایکسپرٹ آف دی ایئر 2025" کی کیٹیگری ’’انرجی، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس‘‘ میں بہترین کارکردگی پر اعزاز سے نوازا گیا۔
ایوارڈ دینے والی تنظیم کے مطابق یہ اعزاز اُن منصوبوں کو دیا جاتا ہے جو معیشت، صنعت اور شہری زندگی میں نمایاں تبدیلی لائیں، ماسکو کے الیکٹروبَس پروگرام کو اس بنیاد پر سراہا گیا کہ اس نے روسی دارالحکومت میں جدید، ماحول دوست اور خاموش ٹرانسپورٹ نظام متعارف کروا کر بڑے پیمانے پر بہتری پیدا کی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ماسکو آج یورپ اور امریکا کے بڑے شہروں کے مقابلے میں سب سے بڑا الیکٹروبَس فلیٹ چلاتا ہے، جس پر روزانہ تقریباً 10 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں۔
گزشتہ سات سال میں الیکٹرک بسوں کے استعمال سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 1 لاکھ 90 ہزار ٹن سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
موسگورٹرانس کا کہنا ہے کہ اس وقت الیکٹروبَس شہر کے مجموعی فلیٹ کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ بن چکے ہیں اور ماحول دوست روٹس ماسکو کے تقریباً تمام اضلاع تک پہنچ چکے ہیں، کمپنی کے مطابق ڈیزائن، آرام اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مسلسل بہتری جاری ہے۔
سال 2025 میں جدید ماڈل КАМАЗ–52222 (A5 جنریشن) کو بھی سڑکوں پر اتارا گیا ہے، جو پہلے کے مقابلے میں زیادہ آرام دہ، محفوظ اور تیز رفتار چارجنگ صلاحیت رکھتے ہیں۔
ماسکو کے اس ٹرانسپورٹ ماڈل میں بین الاقوامی دلچسپی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، خلیجی ممالک، چین، اسپین، برازیل، سعودی عرب، نیدرلینڈز اور سویڈن کے بڑے میڈیا ادارے ماسکو کے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے تجربے پر متواتر رپورٹس شائع کر رہے ہیں۔



