ٹرمپ کے بیٹے کا امریکی صدر کی جانب سے یوکرین کی حمایت سے دستبردار ہونے کا عندیہ

Published On 10 December,2025 06:43 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے نے امریکی صدر کی جانب سے یوکرین کی حمایت سے دستبردار ہونے کا عندیہ دے دیا۔

عالمی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے یوکرین میں بدعنوانی پر تنقید کرتے ہوئے اس بات کا اشارہ دیا کہ اگر یوکرین روس کے ساتھ امن کی طرف نہیں بڑھتا تو ان کے والد یوکرین کی حمایت سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونیئر نے یہ بیانات دوحہ فورم میں شرکت کے دوران دیئے، انہوں نے زور دیا کہ یوکرینی سرکاری اداروں میں سالوں سے پھیلی ہوئی بدعنوانی روس اور یوکرین دونوں میں جنگ کو ہوا دے رہی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ انہوں نے یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی جنہیں ان کے سرکردہ معاونین کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات کے بعد سیاسی دباؤ کا سامنا ہے، پر بھی تنقید کی، آندرے یرماک، جو زیلنسکی کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں اور بین الاقوامی مذاکرات کی قیادت کے ذمہ دار ہیں نے حال ہی میں استعفیٰ دے دیا ہے۔

واضح رہے زیلنسکی کو خود بدعنوانی کے الزامات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، ٹرمپ جونیئر نے کہا کہ جنگ کی وجہ سے اور اپنے دور کے سب سے نمایاں مارکیٹرز میں سے ایک ہونے کی وجہ سے زیلنسکی خاص طور پر بائیں بازو کے لئے ایک آئیکن بن گئے ہیں۔