امریکا کے جان ایف کینیڈی سینٹر کا نام بدل کر ٹرمپ کینیڈی سینٹر رکھنے کا فیصلہ

Published On 19 December,2025 03:04 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے جان ایف کینیڈی سینٹر کا نام بدل کر ٹرمپ کینیڈی سینٹر رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ جان ایف کینیڈی سینٹر فار دی پرفارمنگ آرٹس کے بورڈ نے عمارت کا نام موجودہ صدر کے نام پر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیویٹ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ فیصلہ ٹرمپ کی جانب سے مقرر کردہ بورڈ نے کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ مجھے ابھی اطلاع ملی ہے کہ کینیڈی سینٹر کے نہایت معزز بورڈ نے متفقہ طور پر کینیڈی سینٹر کا نام تبدیل کر کے ٹرمپ کینیڈی سینٹر رکھنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

کیرولائن لیویٹ نے مزید بتایا کہ یہ تبدیلی گزشتہ ایک سال کے دوران عمارت کو بچانے کیلئے صدر ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے غیر معمولی اقدامات کے اعتراف کے طور پر کی جا رہی ہے۔