امریکا ایرانی عوام کی مدد کیلئے تیار ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

Published On 11 January,2026 01:44 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے عوام کی مدد کیلئے تیار ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے، جو پہلے کبھی نہیں ہوا، ہم ان کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔

گزشتہ روز بھی امریکی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران میں اگر لوگوں کو قتل کیا گیا تو امریکا مداخلت کرے گا، تاہم اس حوالے سے انہوں نے یہ واضح کیا تھا کہ مداخلت کا مطلب ایران میں فوج اتارنا نہیں ہے۔

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی صورتِ حال پر نظر ہے، ایسا لگتا ہے کہ ایران کے کچھ شہروں پر لوگ قابض ہیں، ایرانی حکومت نے برسوں اپنے عوام کے ساتھ بُرا سلوک کیا اور آج انہیں اپنے کیے کی سزا مل رہی ہے۔

خیال رہے کہ ایران میں حالات مسلسل کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں، امریکی جریدے ٹائم میگزین کے مطابق ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری پرتشدد مظاہروں سے کئی شہروں میں توڑ پھوڑ ہوئی، مساجد اور ہسپتالوں کو نقصان پہنچا جبکہ 217 افراد جاں بحق ہوگئے۔