79 لاکھ ٹن سے بڑھ کر طلب 1 کروڑ 41 لاکھ ٹن ہو جائے گی، ایڈوائزری کونسل کی رپورٹ جاری
کراچی: (دنیا نیوز) آبادی اور معاشی ترقی کی شرح میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال بھی بڑھ رہا ہے، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق آئندہ 5 برس کے دوران پیٹرول کی طلب میں 80 فیصد اضافہ ہوجائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 5 سال میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی طلب 18 فیصد بڑھ جائے گی جبکہ پٹرول کی طلب 80 فیصد اضافے سے 1 کروڑ 41 لاکھ ٹن تک پہنچ جائے گی جو اس وقت 79 لاکھ ٹن ہے۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی کھپت 46 فیصد اضافے سے 93 لاکھ ٹن سے بڑھ کر1 کروڑ 37 لاکھ ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے، دوسری جانب ایل این جی درآمدات سے فرنس آئل کے استعمال میں کمی آنے کا امکان ہے آئندہ برسوں میں فرنس آئل کی کھپت 90 لاکھ ٹن سے گھٹ کر 32 لاکھ ٹن تک محدود رہنے کا امکان ہے۔