فیس بک الیکشن 2018 کا 'فیس ' بگاڑ سکتی ہے، مارک برگ نے خبردار کر دیا

Last Updated On 11 April,2018 02:36 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے کانگریس کمیٹی کے سامنے امریکی انتخابات میں روسی مداخت کے اعتراف نے پاکستان میں خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

 بانی فیس بک مارک زکر برگ امریکی سینیٹرز کے سامنے پیش ہوئے اور پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے عام انتخابات محفوظ بنانے کا اظہار کیا۔ ایک سوال کے جواب میں زکر برگ نے کہا 2018 پوری دنیا کے لئے ایک اہم سال ہے، بھارت اور پاکستان جیسے کئی ممالک میں انتخابات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ یقینی بنانے کے لئے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ یہ انتخابات محفوظ ہوں۔

امریکی قانون سازوں نے سوال کیا کیا فیس بک ڈیٹا کا کچھ حصہ روسی سسٹمز پر محفوظ کرتا ہے ؟ جس پر بانی فیس بک مارک زکر برگ نے کہا مجھے اس بات کا علم نہیں اور اگر روسی کمپیوٹرز پر ڈیٹا جا رہا ہے تو فیس بک ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔

یاد رہے 2016 کے امریکی انتخابات میں روسی ہیکرز نے فیس بک اور دوسری سوشل میڈیا ویب سائٹس سے 12 کروڑ امریکیوں کاڈیٹا چرایا اور انتخابات سے پہلے انہیں بوگس ویب سائٹس کے ذریعے رائے عامہ پر اثر انداز ہونے والے ٹھوس پیغامات بھجوائے گئے۔

ان پیغامات کا اثر یہ ہوا کہ تمام اندازوں کے برعکس رائے عامہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں ہو گئی اور وہ انتخابات جیت گئے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر خود ساختہ اور من گھڑت خبریں پوسٹ کی جاتی ہیں۔ یہ خبریں ان ووٹرز کی رائے تبدیل کرنے میں کلیدی کرادار کرتی ہیں جو آخری لمحے تک تذبذب کا شکار ہوتے ہیں کہ کس امیدوار کو ووٹ ڈالا جائے۔ یوں یہ ایجنسیاں امیدوار کے حق مخالفت میں رائے عامہ استوار کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔