کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کے آٹو شعبے میں معروف جنوبی کوریائی آٹو مینو فیکچرنگ کمپنی "کیا" کی انٹری، کیا لکی موٹرز نے پاکستان آٹو انڈسٹری پالیسی کے تحت گرینڈ کارنیول فیملی کار اور ایک ٹن کی پیک اپ گاڑی متعارف کروائی ہے۔
کراچی میں اپنی پہلی ڈیلرشپ کا افتتاح کرتے ہوئے "کیا لکی آٹوز" مینوفیکچرنگ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے گاہکوں کے لیے پاکستانی آٹوموٹو ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت بہترین کلاسیکی گاڑیاں متعارف کرائی جائیں گی۔
گزشتہ سال صنعت اور پیداوار کی وزارت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد کیا لکی موٹرز جنوبی کوریا نے یونس برادر گروپ کے ساتھ شراکت داری معاہدے کے تحت ہلکی تجارتی اور مسافر گاڑیوں کی پیداوار کے لیے کراچی میں پہلی ڈیلرشپ کھولی ہے۔
سی ای او کیا لکی موٹرز آصف رضوی کا کہنا تھا کہ "ہم پاکستان کے شاندار لوگوں کی خدمت کرنے کے لیے پہلی کیا ڈیلرشپ کے افتتاح پر بہت خوش ہیں انہوں نے بتایا کہ جلد پاکستان میں مزید کیا ڈیلرشپ مراکز کھولے جائیں گے۔
اس موقع پر کیا لکی موٹرز کی فیملی کار گرینڈ کارنیول 4 سال اور ایک لاکھ کلومیٹر کی وارنٹی کے ساتھ متعارف کروائی گئی۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ گرینڈ کارنیول فیملی کار اپنی بہترین ٹیکنالوجی کی وجہ سے دوران ڈرائیونگ خوشگوار تجربہ فراہم کرتی ہے۔ اس گاڑی میں 11 افراد کی بیٹھنے کی گنجائش ہے۔