فلور مل مالکان کا اضافی گندم برآمد کرنے کا مطالبہ

Last Updated On 18 April,2018 07:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں 60 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں، فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے گزشتہ سال کی اضافی گندم برآمد کرنے کے اقدامات نہ کیے تو اس کا خمیازہ غریب کسان اور فلور ملز مالکان کو بھگتنا پڑے گا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلور ملز مالکان نے حکومتی زرعی پالیسیوں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ فلور ملرز کا کہنا تھا کہ رواں سال 2 کروڑ 57 لاکھ ٹن گندم کی پیداوار متوقع ہے، جبکہ ملک میں پہلے ہی 60 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں۔

دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن انصر جاوید کا کہنا تھا کہ حکومتی دعوے اور وعدے کے باوجود ایکسپورٹرز کو ریبیٹ نہیں دیے جا رہے۔ فلور ملرز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک سے اضافی گندم کی برآمد کے لیے کسان اور فلور ملرز کو سبسڈی دی جائے، تاکہ ملک میں موجود گندم کے ذخائر کو بچایا جاسکے۔