برطانوی دارالحکومت لندن کے معروف ہوٹل دی ڈورسچر میں رہائش پذیر عرفان خان نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں آسٹرین ناول نگار اور شاعر رائنرماریہ رلکے کی نظم لکھی کہ "خدا ہم سب سے بات کرتا ہے"۔ یہ جذباتی نظم انہوں نے دوران علاج اپنے سایہ کی تصویر کے ساتھ شئیر کی۔
"خدا ہم سب سے بات کرتا ہے"
جیسا کہ وہ ہم سب کو بناتا ہے
پھر رات کی تاریکی میں خاموشی سے وہ ہمارے ساتھ چلتا ہے
اور ہم اس سفر میں کچھ الفاظ آہستہ آہستہ سن لیتے ہیں
یہاں کچھ بھی مستحکم و مضبوط نہیں
تاہم خود کو کبھی شکست خوردہ نہ سمجھو اور آگے بڑھتے رہو
یہاں خوبصورتی بھی ہے، دہشت بھی ہے
یہاں ایک شعلے کی طرح زندگی گزارو اور چمکنا سیکھو
واضح رہے کہ 5 مارچ کو عرفان خان نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ انہیں خطرناک مرض لاحق ہوگیا ہے۔ اداکار نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی التجا بھی کی تھی۔ اداکار نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض کا شکار ہیں اور علاج کے لیے برطانیہ میں موجود ہیں۔