اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے پہلے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی تعمیر، 20 فیصد کام اگست میں مکمل ہو جائے گا۔ اس سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کی راہ ہموارہوگی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں آئندہ برسوں کے دوران کئی گنا اضافہ ہوگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر ورلڈ ٹریڈ سینٹر پاکستان نجیب امین پردیسی نے کہا کہ یہ کاروباری مرکز دنیا کے ساڑھے 7 لاکھ کے قریب بڑے اور معروف کاروباری اداروں سے جڑا ہوا ہے۔ ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 70 اقسام کے ماہرین بھی موجود ہوں گے، جو پاکستانیوں اور بین الاقوامی کاروباری افراد کو کمپنیوں اور نئے منصوبہ جات کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔ ملک میں سی پیک کے تحت اقتصادی سرگرمیوں کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔
نجیب امین پردیسی نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا سنگل یونٹ بلڈنگ منصوبہ ہے۔ یہ فورم ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی کاروباری رحجانات سے آگاہ کرے گا اور نئے تخلیقی آئیڈیازکے حوالے سے بھی سہولیات فراہم کرے گا۔ پاکستان میں نوکری پیشہ یا دیگر افراد کو کاروباری مواقع فراہم کریں گے۔ کاروبارمیں دلچسپی رکھنے والوں کو رہنمائی اور وسائل کی فراہمی بھی ہمارے منصوبے میں شامل ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ سپریم کورٹ اور دیگر ادارے اچھا کام کررہے ہیں۔ پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے اقتصادی استحکام بہت ضروری ہے۔