لاہور: (دنیا نیوز) یونائیٹڈ آٹوز موٹر سائیکلز کے بعد 4 پہیوں والی گاڑیوں کی دنیا میں دھوم مچانے کے لیے تیار، پاکستانی مارکیٹ میں سوزوکی مہران کی بادشاہت ختم کرنے کے لیے پرعزم، براوؤ نامی کار میدان میں لانے کا اعلان کردیا۔
گاڑیوں سے متعلق معلومات شائع کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق یونائیٹد آٹوز کی یہ گاڑی پاکستانی آٹو انڈسٹری میں سوزوکی مہران کی بادشاہت کو چیلنج کرنے کے لیے متعارف کرائی جارہی ہے۔ یونائیٹڈ کمپنی کا وعدہ ہے کہ براوؤ سستی گاڑیوں کے مقابلے پر بہتر حریف ثابت ہوگی۔ جس میں بین الاقوامی سطح کے حفاظتی اور ڈرائیو فیچرز کم قیمت پر صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق کچھ عرصے پہلے کمپنی نے گاڑی کے ڈیزائن کے کاپی رائٹ کے لیے درخواست انٹیلکچوئیل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان میں جمع کرایا تھا اور یہ گاڑی رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران متعارف کرائی جاسکتی ہے۔ مہران کے مقابلے میں یہ گاڑی ڈیزائن کے لحاظ سے زیادہ بہتر نظر آرہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس نئی گاڑی کے انٹرئیر میں الیکٹرک ونڈوز، ایف ایم ریڈیو، ریموٹ کنٹرول لاک، رورس کیمرہ، الیکٹرک پاور اسٹیئرنگ، ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم اور یو ایس بی پورٹس وغیرہ موجود ہوسکتے ہیں۔
اس میں 800 سی سی کا تھری سلینڈر انجن کی موجودگی کا امکان ہے۔ اس گاڑی کی قیمت 7 لاکھ کے قریب ہوسکتی ہے تاکہ سوزوکی مہران کو سخت ٹکر دی جاسکے۔