کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مرغی کے گوشت کو ایک بار پھر پر لگ گئے، عید کی آمد سے قبل چکن کی قیمت 30 روپے اضافے سے 290 روپے کلو کردی گئی۔
عید کے قریب آتے ہی منافع خور سرگرم ہوگئے۔ ایک ہی روز میں زندہ مرغی 16 روپے اضافے سے 176 روپے کلو جبکہ مرغی کا گوشت 30 روپے مہنگا ہو کر 290 روپے کلو کر دیا گیا، جس نے عوام کے لیے عید پر مرغی کا گوشت خریدنا بھی مشکل بنا دیا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ طلب کے مقابلے رسد کم ہونے سے چکن کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔ دوسری طرف عوام کا کہنا ہے کہ مٹن اور بیف کی فی کلو قیمت پہلے ہی آسمان سے باتیں کر رہی ہے جبکہ چکن مہنگا ہونے سے عام آدمی کے لیے گوشت کھانا ناممکن ہوچکا ہے۔ حکومت چکن کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدام کرے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔