عام انتخابات: بلاول اور آصفہ بھٹو نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے

Last Updated On 04 June,2018 12:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو عام انتخابات میں حصہ لیں گے، دونوں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے۔ بلاول بھٹو این اے 200 لاڑکانہ اور این اے 246 لیاری سے الیکشن لڑیں گے جبکہ آصفہ بھٹو نے پی ایس 10رتو ڈیرو سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے۔

دوسری جانب آئندہ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کا عمل جاری ہے۔ کاغذات نامزدگی 4 سے 8 جون تک حاصل اورجمع کرائے جائیں گے، کاغذات نامزدگی اردو اورانگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں۔

قومی اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکورٹی فیس 30 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئےکاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سیکیورٹی فیس 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے، ایک چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں فیس ضبط کر لی جائے گی۔

کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے صبح 8 بجے سے دن 4 بجے تک حاصل کیے جا سکیں گے، اسلام آباد کے 3 حلقوں کیلئے کاغذات ایف 8 کچہری میں آر اوز کے پاس جمع کروائے جاسکتے ہیں، اسلام آباد کے حلقہ این اے 52 کیلئے ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر، این اے 53 کیلئے ایڈیشنل سیشن جج عدنان اور این اے 54 کیلئے ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفار ریٹرننگ افسران مقرر ہیں۔