اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو فاٹا اصلاحات بل منظور کرانے کی ہدایت کر دی۔ کہتے ہیں صوبائی خود مختاری اور صوبوں کو شناخت دینا پیپلز پارٹی کا ہی وطیرہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے فاٹا اصلاحات کمیٹی پیپلز پارٹی کے ممبران نے اسلام آباد زرداری ہاؤس میں ملاقات کی جس میں بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی ارکان کو جلد ازجلد فاٹا اصلاحات بل کی منظور کروانے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا کی عوام کو قومی دھارے میں لانا پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فاٹا کو قومی دھارے اور اصلاحات کا نفاذ کرنا ایک خواب تھا جس کی آج پیپلز پارٹی تکمیل کرے گی۔
دوسری جانب نگران وزیراعظم کے تقرر، عام انتخابات اور سیاسی امور کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا مشاورتی اجلاس جمعرات کے روز اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔
سابق صدر آصف زردادی بھی جمعرات کو دورہ لاہور مختصر کر کے اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔ اجلاس زرداری ہاؤس میں بلاول بھٹو اور آصف زردادی کی مشترکہ صدارت میں ہو گا۔