اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے فاٹا کے حوالے سے بڑے اعلانات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار قبائلی علاقوں تک بڑھا دیا گیا۔ خواہش ہے کہ اسی اسمبلی کی مدت میں فاٹا ریفامز پر عملدرآمد کرایا جائے۔
وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات کی تمام جماعتوں نے حمایت کی ہے، اس پر جلد ازجلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ ہماری خواہش ہے اسی اسمبلی کی مدت میں ریفارمز کو مکمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار قبائلی علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ فاٹا میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ فاٹا میں مسلح افواج کی قربانیوں سے امن قائم ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے پیر کو فاٹا کا دورہ بھی کیا تھا، وہاں امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ فاٹا میں لوکل باڈی انتخابات اکتوبر 2018ء سے پہلے منعقد کیے جائیں گے، اس سلسلے میں تمام پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ فاٹا کی عوام کے امنگوں کے مطابق پارلیمنٹ اپنا کردارادا کرے گی.
انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے کچھ تحفظات ہیں، کل ایوان میں حاضری بہتر ہو گی۔ وزراء اور ارکان اسمبلی آخری اجلاس میں ضرور شرکت کریں گے۔
وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فاٹا میں دیگر صوبوں کی طرح ترقی چاہتے ہیں، یہ کسی ایک جماعت نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے۔ 10 سال میں ایک ہزار ارب فاٹا کو دیں جائیں گے۔ چاہتے ہیں تمام جماعتیں اکٹھی ہو کر اصلاحات کو مکمل کریں۔