لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیرِاعظم کے گلگت بلتستان پیکیج کو عوام کی توہین قرار دے کر مسترد کر دیا۔ بلاول بھٹو کہتے ہیں نام نہاد گلگت بلتستان پیکیج سے زیادہ اور مضحکہ خیز اور اشتعال انگیز اقدام نہیں ہو سکتا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کے اس پیکیج سے گلگت بلتستان کے سیاسی استحکام پر منفی اثرات ہوں گے۔ اس پیکیج کو گلگت بلتستان کی اسمبلی نے بھی مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے پیکیج کے خلاف گلگت بلتستان اسمبلی میں ہنگامہ اور احتجاج ہوا۔ ایک طرف قومی پارلیمنٹ نے اکتیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے فاٹا کے عوام آئینی حقوق دیا تو دوسری طرف گلگت بلتستان پیکیج کے ذریعے وہاں کے عوام حقوق پر وار کیا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اسمبلی پر یہ پابندی کیوں ہے کہ وہاں کیا زیر بحث آ سکتا ہے کیا نہیں؟ ایسا غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔