نقیب اللہ قتل کیس: راؤ انوار اور قمر شیخ کی بی کلاس پر فیصلہ محفوظ

Last Updated On 06 June,2018 06:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کے ملزم راؤ انوار اور قمر شیخ کی بی کلاس پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ راؤ انوار کی درخواست ضمانت پر عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل بھی طلب کر لیے۔

8 سال سے زائد ایس ایس پی ملیر رہنے والے با اثر سابق افسر ہائی پروفائل کیس کی سماعت کیلئے جب بھی عدالت آتے ہیں، ٹھاٹھ باٹھ ہی کچھ الگ ہوتی ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کے دوران مخالف وکیل نے معاملہ اٹھایا تو عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دیگر مقدمات میں بھی سیاسی رہنما ہتھکڑیوں کے بغیر پیش ہوتے رہے ہیں، وسیم اختر، رؤف صدیقی، ڈاکٹر عاصم بھی بغیر ہتھکڑیوں کے پیش ہوتے رہے۔

سماعت سے پہلے راؤ انوار بکتر بند گاڑی سے اترتے ہی کورٹ جانے کے بجائے اپنے وکلا کے پاس چلے گئے۔ کورٹ لانے والے پولیس افسرادھر ادھر آوازیں لگاتے رہے مگر راؤ انوارنے توجہ نہ دی۔ نقیب اللہ قتل کیس میں عدالت نے جیل رولزبک کی عدم موجودگی کے باعث بی کلاس کا فیصلہ موخر کر دیا۔ عدالت نے راؤ انوار کے وکیل کو جیل رولزکی بک پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 9 جون تک ملتوی کردی۔