کراچی: (دنیا نیوز) نقیب اللہ محسود کو مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کرنے کے الزام میں گرفتار سابق ایس ایس پی راؤ انوار نے اپنے خلاف بننے والی جے آئی ٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست دائر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ محسود کو مبینہ پولیس مقابلے میں قتل کرنے کے الزام میں گرفتار سابق ایس ایس پی کراچی راؤ انواز نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست دائر کرتے ہوئے اپنے خلاف بننے والی جے آئی ٹی پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بنائی گئی جے آئی ٹیم میں شامل تمام ممبران کا تعلق ایک ہی ادارے سے ہے۔ اے ٹی اے کی سیکشن 19 کے تحت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں انٹیلی جنس ایجنسیوں اور مسلح افواج کے لوگ بھی شامل ہوتے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ صاف اور شفاف تحقیقات ملزم کا حق ہے۔ عدالت 21 مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور جے آئی ٹی میں انٹیلی جنس اداروں کے لوگوں کو بھی شامل کیا جائے۔