راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے اشتہار جاری

Published On 23 Feb 2018 07:06 PM 

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں چودہ جنوری کے مشکوک پولیس مقابلے میں جاں بحق نقیب اللہ قتل کیس میں اہم پیشرفت، سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت چودہ مفرور ملزمان کی تصاویر و تفصیلات پر منی اشتہار تیار کر لیا گیا۔

نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد ملزمان کی عدم گرفتاری پر پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تفصیلات پر مبنی اشتہار جاری کر دیا ہے، اشتہار جاری کرنے کا مقصد ملزمان کی گرفتاری میں شہریوں کی مدد حاصل کرنا ہے، ملزمان کی تصاویر پر مبنی اشتہارات سندھ کے تھانوں میں آویزاں کئے جائیں گے۔

اشتہار میں ملزمان کی تصویریں اور دیگر معلومات درج کی گئی ہیں۔ اس اشتہار میں نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور ملزمان میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار، سابق ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن امان اللہ مروت اور شعیب شیخ سمیت دیگر شامل ہیں۔

اشتہار میں پولیس کی جانب سے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کا رابطہ نمبر بھی دیا گیا ہے۔ مطلوب ملزمان سے متعلق کوئی بھی اطلاع ایس ایس پی انویسٹی گیشن عابد قائمخانی کو دی جا سکتی ہے۔

دیگر مفرور ملزمان میں انار تارڑ، علی اکبر ملا، گدا حسین، خیر محمد اور فیصل محمود شامل ہیں۔ ملزمان میں صداقت حسین، محسن عباس، شمیم مختار، عمران رضا، رئیس عباس اور ریاض احمد کا نام بھی شامل ہے۔