روئی کی قیمتیں مستحکم، ٹیکسٹائل ملز کی خریداری میں عدم دلچسپی

Last Updated On 11 June,2018 06:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر استحکام رہا۔ ٹیکسٹائل واسپننگ ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں عدم دلچسپی کے باعث کاروباری حجم بدستور کم رہا۔

مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر استحکام رہا۔ ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں عدم دلچسپی کے باعث کاروباری حجم بدستور کم رہا، جنرز کے پاس بمشکل روئی کی 70 ہزار گانٹھوں کا اسٹاک موجود ہے۔ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 6000 روپے تا 7500 روپے رہا جبکہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 100 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 7500 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔

کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ گو کہ پانی کی شدید کمی کی شکایت کے باوجود زیریں سندھ کے کپاس پیدا کرنے والے کچھ علاقوں سے جزوی طور پر پھٹی کی رسد شروع ہوگئی ہے، فی الحال سندھ کی پھٹی سے پنجاب کی دو جننگ فیکٹریوں نے جننگ شروع کردی ہے۔ ہارون آباد کی ایک جننگ فیکٹری نے 600 گانٹھیں تیار کرلی ہیں جبکہ سندھ کی تقریباً 7 جننگ فیکٹریوں نے پھٹی خریدنا شروع کردی ہے جس میں سے پانچ جننگ فیکٹریوں نے جزوی طور پر جننگ شروع کردی ہے۔