گیس کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، پیاف

Last Updated On 26 June,2018 05:13 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) گیس کی قیمت میں اضافہ سے عوام پر 160 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا، صنعتی شعبے کی پیداواری لاگت بھی مزید بڑھ جائے گی۔

پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے سینئر وائس چیئرمین تنویراحمد صوفی اور وائس چیئرمین پیاف خواجہ شاہ زیب اکرم کے ساتھ اپنے بیان میں اوگرا کی جانب سے گھریلو صارفین کیلئے 300 فیصد تک جبکہ کمرشل، صنعتی پاور سیکٹر اور دیگر شعبوں کیلئے 30 فیصد تک گیس مہنگی کرنے کی منظوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اوگرا کی طرف سے گیس کی نئی قیمتوں کی منظوری نہ دے ورنہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔

واضح رہے کہ اوگرا نے جنرل انڈسٹری کیلئے گیس کی قیمتیں 600 سے بڑھا کر 780 روپے اور سیمنٹ فیکٹریز کیلئے 750 سے بڑھا کر 975 روپے مقرر کی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں عوام پر 160 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ وفاقی حکومت انڈسٹری سے مشاورت کیے بغیر کوئی فیصلہ تسلیم نہ کرے۔