اسلام آباد: (دنیا نیوز) بارشوں کے باعث مجموعی آبی ذخائر 9 ملین ایکڑ فٹ سے تجاوز کرگئے، تربیلا ڈیم میں گنجائش نہ ہونے کے باعث 50 سے 60 ہزار کیوسک پانی ضائع ہو رہا ہے۔
ارسا کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملکی مجموعی آبی ذخائر 90 لاکھ 93 ہزار کیوسک تک پہنچ گئے ہیں۔ دریاؤں میں پانی کی آمد 3 لاکھ 43 ہزار کیوسک ہے جبکہ اخراج 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550 فٹ ہے اور ڈیم میں گنجائش نہ ہونے سے روزانہ کی بنیاد پر 50 سے 60 ہزار کیوسک پانی ضائع ہو رہا ہے۔ تربیلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 6 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ دوسری طرف منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1175.30 فٹ ہے جبکہ قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 2.9 ملین ایکڑ فٹ ہے۔