کراچی: (دنیا نیوز) انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں ڈیڑھ ماہ کی توسیع کی جائے، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تاریخ میں توسیع سے فائلرز کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں آخری 2 روز باقی ہیں، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں ڈیڑھ ماہ توسیع کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لئے صرف 11 روز دیے گئے جس میں عید کی تعطیلات شامل تھیں۔ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف بی آر تنخواہ دار طبقے اور کمپنیز کے لئے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں کم ازکم ڈیڑھ ماہ کی توسیع دے۔
پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایک خط کے ذریعے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کے لئے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 16 اکتوبر اور کمپنیز کے لئے 16 نومبر کی جائے۔ ٹیکس بار ایسوسی ایشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کی صورت میں فائلرز کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔