اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایمنسٹی سکیم کا گولڈن چانس سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کے خلاف ایکشن، برطانیہ میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، ایف بی آر نے دعویٰ کیا ہے کہ یو کے ٹیکس اتھارٹی سے معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے برطانیہ میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ایف بی آر کی چیئرپرسن رخسانہ یاسمین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ادارے نے پاکستانیوں کے بارے میں تمام تفصیلات اور معلومات برطانوی ٹیکس اٹھارٹی سے لے لی ہیں اور اب ادارہ برطانیہ میں غیر منقولہ جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرے گا۔ واضح رہے کہ یہ کارروائی ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کے خلاف ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کی گئی دولت کی وطن واپسی میرا عزم ہے۔ اس عزم کا اظہار انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔
برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں خصوصی ملاقات کی تھی اور انھیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔ انہوں نے نئی حکومت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے خطاب نے برطانیہ میں مثبت اثرات چھوڑے ہیں، ہماری حکومت پاکستان سے مکمل تعاون کے لئے تیار ہے۔