لندن (دنیا نیوز ) پریوں کی شہزادی پرنسیس آف ویلز لیڈی ڈیانا کا آج ستاونواں یوم پیدائش ہے، شہزادی کی مسکراہٹ آج بھی ان کے مداحوں میں بسی ہے۔ ڈیانا سپنسر، پرنسیس آف ویلز جنہیں دنیا لیڈی ڈیانا کے نام سے جانتی ہے یکم جولائی انیس سو اکسٹھ کو برطانیہ کے علاقے نورفوک میں پیدا ہوئیں۔
انتیس جولائی انیس سو اکاسی کو برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، ان کی شادی کو فیری ٹیل میرج قرار دیا گیا اور دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے ان کی شادی کی تقریب دیکھی، انہوں نے شہزادہ ولیم اور ہیری کو جنم دیا۔
کچھ عرصے بعد ہی شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے تعلقات میں کشیدگی آنے لگی اور سولہ سال بعد اگست انیس سو چھیانوے میں ان میں طلاق ہوگئی۔ ڈیانا کی عالمی سطح پر مقبولیت کا بڑا سبب ان کی خوبصورت شخصیت تھی۔ ان کے فلاحی کاموں ،بارودی سرنگوں اور ایڈز کے خاتمے کی کوششوں پر دنیا بھر میں انہیں سراہا گیا۔
لیڈی ڈیانا اکتیس اگست انیس سو ستانوے کو پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کر گئیں۔