کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک نے نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے حوالے سے خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا ہے۔
سٹیٹ بینک نے ایک بار پھر سوشل میڈیا میں نئے ڈیزائن والے مختلف مالیت کے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا ہے۔ سٹیٹ بینک کا مستقبل قریب میں نئے ڈیزائن کے حامل بینک نوٹ جاری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ مزید وضاحت کی جاتی ہے کہ ایس بی پی ایکٹ 1956 میں کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے انتخاب اور شکل کے معاملے میں مختلف اتھارٹیز کے فرائض کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اس ایکٹ کی دفعہ 27 کے مطابق کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، شکل اور میٹریل کے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل وفاقی حکومت کو سٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش درکار ہوتی ہے، عوام سے درخواست ہے کہ وہ اس قسم کی افواہ سازی پر توجہ نہ دیں۔