اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے وزارت خزانہ کو سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں متعارف کی گئی تیسری سلیب کو ختم کرنے کی تجویز دے دی، تیسری سلیب متعارف کروانے کے بعد سگریٹ کی پیداوار میں پچھلے سال کی نسبت 77 فیصد اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے سگریٹ ایکسائز ڈیوٹی کے حوالے سے وزیر خزانہ کو خط لکھا، جس میں وفاقی وزیر صحت نے سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں متعارف کی گئی تیسری سلیب کو ختم کرنے کی تجویز دیدی۔ خط کے مطابق ایکسائز ڈیوٹی سلیب کی وجہ سے سگریٹ کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تیسری سلیب متعارف کروانے کے بعد سگریٹ کی پیداوار میں پچھلے سال کی نسبت 77 فیصد اضافہ ہوا۔
عامر محمود کیانی نے گزشتہ ہفتے سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کے لیے وزارت خزانہ سے رابطہ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد خط میں یہ بات واضح کی گئی کہ عالمی معاہدے کے تحت پاکستان سگریٹ کے استعمال میں کمی لانے کا پابند ہے۔
وزارت صحت نے دوبارہ وزیر خزانہ سے استدعا کی ہے کہ وفاقی بجٹ 2017-18 میں متعارف کی گئی تیسری سلیب کو ختم کیا جائے۔ وزارت صحت کی سگریٹ کی پیداوار کو مانیٹر کرنے کے لیے ٹریکنگ اینڈ ٹریسنگ سسٹم کو بھی نافذ کرنے کی استدعا کی ہے۔