5 منٹ میں کینسر کا پتہ لگانے والا آلہ فروخت کیلئے پیش

Last Updated On 04 September,2018 06:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کینسر کی تشخیص کے لیے دنیا بھر میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، پھر بھی مرض کی تشخیص میں کئی ہفتے لگ جاتے ہیں۔ تاہم اب ایک ایسا طریقہ دریافت کرلیا گیا ہے، جس کے ذریعے محض 5 منٹ کے اندر کسی بھی شخص میں بریسٹ کینسر کا پتہ لگانا ممکن ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکہ نے ایک ڈیوائس کو متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے محض 5 منٹ کے اندر بریسٹ کینسر کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر مہیر شاہ کی جانب سے تیار کردہ ایک چھوٹی ڈیوائس 5 منٹ میں بریسٹ کینسر کے مرض کا پتہ لگاتی ہے۔ اس ڈیوائس کو کوئی بھی پیرا میڈیکل سٹاف کا شخص یا عام فرد بھی چلا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیوائس میں نصب کیے گئے خصوصی سینسر بریسٹ میں چھپے ٹیومر کو پہچاننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ یہ ڈیوائس ایک سمارٹ فون یا کمپیوٹر سے منسلک ہوتی ہے اور ڈیوائس کو جیسے ہی بریسٹ میں ٹیومر نظر آتا ہے تو فون یا کمپیوٹر میں سرخ نشانات نمایاں ہونے لگتے ہیں۔ اس ڈیوائس کو امریکی کمپنی "آئی بریسٹ ایگزام" نے دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔

ماہرین صحت کے ماننا ہے کہ اگر بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص ہوجائے تو اس سے کئی متاثرہ افراد کی زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں۔ بریسٹ کینسر نہ صرف امریکا، برطانیہ، برازیل، چین، جاپان اور بھارت جیسے ممالک میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے، بلکہ پاکستان میں بھی اس مرض میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔