لاہور: (ویب ڈیسک) منگلا ڈیم اپ گریڈ منصوبے کیلئے واپڈااور چائنا کی کمپنی کے مابین معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کی لاگت تقریباً ایک ارب 68 کروڑ روپے ہے، منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310میگاواٹ ہوجائیگی.
واپڈا اور چینی کمپنی میں معاہدے پرد ستخط کرنے کی تقریب گزشتہ روز واپڈا ہائوس میں منعقد ہوئی۔ واپڈا کے جنرل منیجر ( ہائیڈل ) ڈیولپمنٹ اور ممبر ( پاور ) انجینئر محمد ارشد چوہدری اور چائنا سی میک انجینئرنگ کمپنی کی بزنس منیجر لیانگ ژیائو فونگ نے معاہدے پر دستخط کیے، واپڈا کے سینئر آفیسرز ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے، واپڈا ، منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی اپ گریڈیشن منصوبے پر کام کررہا ہے۔
منصوبے کا منظور شدہ پی سی ون، 52ارب 22کروڑ 40لاکھ روپے پر مشتمل ہے ، منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی موجودہ پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310میگاواٹ ہوجائیگی، منگلا اپ گریڈیشن پروجیکٹ کو 11مختلف پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ایوارڈ کیے گئے پیکیج 9کے علاوہ 5 مختلف پیکیجز پہلے ہی ایوارڈ کیے جاچکے ہیں جن پر کام جاری ہے، منگلا اپ گریڈیشن منصوبے کو مختلف مراحل میں مکمل کیا جائیگا جس کے تحت ایک وقت میں صرف ایک سرنگ یعنی دو پیداواری یونٹوں کو بند کرکے ان کی اپ گریڈیشن کی جائیگی، پہلے دویونٹوں کی اپ گریڈیشن کاکام 2019ء میں مکمل ہوگا۔