قاہرہ: (دنیا نیوز) دنیا کو سی پیک کی تجارتی اہمیت سے آگاہ کرنے کی کوششیں جاری، قاہرہ میں ہونیوالے سیمینار میں بھی منصوبے کی افادیت کو اجاگر کیا گیا۔ دنیا بھر سے صف اول کی کاروباری شخصیات اور 2 سو وفود نے سیمینار میں شرکت کی۔
پاکستان کی ترقی کا ضامن گیم چینجر منصوبہ سی پیک تکمیل کی جانب گامزن، پوری دنیا اہمیت کا اعتراف کرنے لگی۔ پاکستان اور مصر کے سفارتی تعلقات کی سترہویں سالگرہ پر قاہرہ میں سیمینار ہوا، جس میں سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ سیمینار میں پاکستان سے 190، مصر کے 200 وفود اور دنیا بھر سے تجارتی ماہرین شریک ہوئے۔
وزیر منصوبہ بندی ڈویلپمنٹ اور اصلاحات خسرو بختیار نے اپنے خطاب میں گیم چینجر منصوبے کو پاکستان اور چین کے درمیان بھرپور اسٹریٹیجک تعلقات کا مظہر قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پروجیکٹ سے دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات مزید وسیع ہوں گے۔ خسرو بختیار نے مزید کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
ساؤتھ ایشین اسٹریٹیجک اسٹیبلیٹی انسٹی ٹیوٹ یونیورسٹی کے تحت ہو نے والا سیمینار ایشیاء، وسطی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے درمیان تجارتی فروغ کے لیے پارٹنر شپ قائم کرنے میں نہایت مدد گار ثابت ہوگا۔