کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں 300 روپے کا اضافہ

Last Updated On 08 October,2018 05:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کے امکانات پر ملز مالکان نے خریداری بڑھا دی، پنجاب کے کپاس کے علاقوں میں گرمی میں اضافے سے کوالٹی متاثر ہونے لگی۔

کوالٹی کاٹن کی خریداری میں اضافے کے باعث روئی کے بھاؤ میں فی من 200 تا 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ڈالر کی قیمت بڑھنے کے امکانات پر ملز مالکان نے خریداری میں اضافہ کر دیا ہے۔ مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر تیزی رہی۔دوسری جانب پھٹی کے بھاؤ میں فی من 100 تا 200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کا اثر روئی کے بھاؤ پر ہوا ہے۔

کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ چین، ترکی اور امریکا کے درمیان معاشی تنازع کے سبب تقریباً پوری دنیا میں کاروباری حالات ابتری کی جانب جا رہے ہیں۔ جو ٹیکسٹائل و دیگر سیکٹرز پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔

اپٹما کے نمائندوں کے مطابق کاٹن یارن اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی مانگ اور دام میں کمی واقع ہوتی جا رہی ہے، حکومت نے گیس کے بھاؤ مساوی کر دیے ہیں لیکن کاروبار سست روی کا شکار ہے۔ نسیم عثمان نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کے کپاس پیدا کرنے والے علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں گرمی کی شدت ہونے کی وجہ سے کوالٹی متاثر ہو رہی ہے۔