اسلام آباد: (دنیانیوز) جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کی بندش کے معاملے پر افغان حکام کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی پر تنازع حل ہو گیا، قونصل خانہ آج کھول دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ نے آج سے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ 30 اگست 2018ء کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بند کیا گیا تھا تاہم افغانستان نے ویانا کنونشن کی روشنی میں قونصل خانہ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ ننگرہار کے گورنر کی بے جا مداخلت کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بند کیا گیا تھا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ کابل کے دوران قونصل خانے کی بندش کا معاملہ اٹھایا گیاتھا، قونصل خانہ جلال آباد اور اردگرد کے علاقوں سے ویزاکی درخواستیں وصول کرے گا۔