نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے تعلقات بگاڑنے کیلئے دو جملے چاہئیں، ہم امن کے داعی ہیں، بہتری چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو امن کا پیغام دے دیا۔ نیویارک میں بھارتی میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح طور پر کہا ہم امن کے داعی ہیں، بہتری چاہتے ہیں، کہنے کو بہت کچھ کہہ سکتے ہیں، مگر معاملات بگاڑنا نہیں چاہتے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے قطری ہم منصب کی بھی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر قطر کے وزیرخارجہ نے پاکستانیوں کو ایک لاکھ ملازمتیں دینے کی پیشکش کی۔ سویٹزر لینڈ کے وزیر خارجہ اگنازیو کاسس بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملے، ملاقات میں پاکستان نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔
پاکستان اور امریکا کا ازسر نو دو طرفہ تعلقات کے آغاز پر اتفاق
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی جاپانی ہم منصب سے بھی ملاقات ہوئی۔ وزیر خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں ’’ایکشن فار پیس کیپنگ‘‘ کے مباحثے میں بھی حصہ لیا۔ خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان کے 2 لاکھ سے زائد فوجی امن مشن میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میزبان صدر سے ملے۔ وزیر خارجہ نے صدر ٹرمپ کے رویے کو انتہائی مثبت قرار دے دیا۔ شاہ محمود قریشی اور مائیک پومپیو کی با ضابطہ ملاقات 2 اکتوبر کو طے ہے، جس میں دو طرفہ امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔