کراچی: (روزنامہ دنیا) سندھ، پنجاب میں بھاؤ 8700 روپے من رہا، اسپاٹ ریٹ 650 روپے بڑھ گئے۔
مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ڈالر کی اونچی اڑان کے باعث روئی کے بھاؤ میں فی من 600 تا 800 روپے اور پھٹی میں فی 40 کلو 200 تا 300 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا۔ سندھ و پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 8300 تا 8700 روپے جبکہ پھٹی کا بھاؤ سندھ میں 3700 تا 4100 روپے، پنجاب میں فی 40 کلو 3700 تا 4200 روپے رہا۔
کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 650 روپے کا اضافہ کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 8500 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ روپے کی نسبت ڈالر کی قیمت میں تقریباً 10 روپے کے ہوشربا اضافہ کے باعث ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز نے روئی کی خریداری تیز کردی ہے۔
علاوہ ازیں پولیسٹر فائبر 5 روپے کے اضافے سے 203 روپے کلو کی اونچی سطح پر پہنچ گیا۔ گیس کے بھاؤ یکساں ہونے اور ڈالر کی اونچی اڑان کے سبب پنجاب کے اپٹما گروپ لیڈر گوہر اعجاز نے عندیہ دیا ہے کہ پنجاب کی بند پڑی ہوئی کئی ٹیکسٹائل ملز دوبارہ فعال ہوسکیں گی اگر ایسا ہوا تو یہ اچھا شگون ثابت ہوگا۔