کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 1335 پوائنٹس کی کمی، انڈیکس چھ ہفتوں کی کم ترین سطح پر بند ہوا۔ دوسری جانب روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔۔
ملکی معاشی صورتحال کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر نمایاں ہونے لگے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ 1335 پوائنٹس کی کمی کے بعد چھ ہفتوں کی کم ترین سطح 39 ہزار 160 پوائنٹس پر بند ہوئی۔
گذشتہ 18 ماہ میں حصص کی مالیت میں 43 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچیج کا شمار ایشیا کی بدترین پرفارم کرنے والی مارکیٹوں میں ہونے لگا ہے۔
دوسری جانب جمعے کو ڈالر کے مقابلے روپے کی بدترین گراوٹ کے بعد آج کچھ حد تک ریکوری دیکھنے میں آئی، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 21 پیسے کمی کے بعد 137 روپے 84 پیسے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 60 پیسے کمی کے بعد 139 روپے پر فروخت ہوا۔