پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت 10 سال کی کم ترین سطح کو چھو گئی

Last Updated On 04 December,2018 12:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت 10 سال کی کم ترین سطح کو چھو گئی، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے مطابق پانچ ماہ کے دوران 77 لاکھ ٹن پیٹرولیم مصنوعات استعمال ہوئیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت 10 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، جس کی ایک وجہ تو پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور دوسری وجہ یہ کہ فرنس آئل سے چلنے والے پاور پلانٹس اب زیادہ تر گیس سے ہی چل رہے ہیں۔

آئل کمپنزایڈوائزری کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے نومبر میں 77 لاکھ ٹن پیٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں،، جس میں پیٹرول کی کھپت 2 فیصد کمی کے بعد 30 لاکھ ٹن رہی جو نو سال کی کم ترین سطح ہے۔ ڈیزل کی کھپت 21 فیصد کمی کے بعد 31 لاکھ ٹن اور فرنس آئل کی کھپت 68 فیصد کمی کے بعد 12 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق معاشی سست روی کے باعث صنعتی ترقی میں کمی ہوئی جس سے عوام کی قوت خرید میں بھی کمی واقع ہورہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پٹرول کی کھپت نو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، دوسری جانب ایل این جی درآمدات سے کئی پاور پلانٹس کو اب فرنس آئل کے بجائے گیس پر چلایا جارہا ہے۔