کراچی: (دنیا نیوز) صنعتی ترقی کو بریک لگ گیا، ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے ستمبر میں صنعتی ترقی کی شرح میں 1.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی ہوئی، ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران صنعتوں کی پیداوار میں 1.71 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ گذشتہ سال کے انہی تین ماہ میں بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 10 فیصد رہی تھی۔
صرف ماہ ستمبر میں صنعتی ترقی 1.85 فیصد رہی جبکہ گذشتہ سال ستمبر میں صنعتی ترقی 5.64 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 5.4 فیصد کمی، کھاد کی پیداوار میں 4.8 فیصد کمی، ادویات میں 3.7 فیصد کمی اور سٹیل مصنوعات کی پیداوار میں 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ معاشی صورتحال کے باعث صنعتی ترقی کی شرح میں سست روی دیکھنے میں آ رہی ہے۔