سعودی عرب کے بعد یو اے ای بھی 3.2 ارب ڈالر کا تیل ادھار دیگا

Last Updated On 05 January,2019 03:05 pm

یو اے ای ولی عہد دورہ پاکستان کے دوران6 جنوری کو وزیرا عظم کیساتھ ہونیوالی ملاقات میں اس پیکیج کا اعلان کرینگے ، ذرائع ادھار کی سہولت ملنے سے سالانہ خام تیل کی درآمد کیلئے درکار 12.5ار ب ڈالر میں سے 6.4ارب ڈالر کا بندوبست ہوگیا

اسلام آباد (آفتاب میکن)وفاقی حکومت نے ادھار پر تیل کی یو اے ای سے 3.2ارب ڈالر مالیت کی ایک اور سہولت کا انتظام کرلیا، سعودی عرب اور یو اے ای سے ادھار پر تیل کی سہولت کے بعد پاکستان نے سالانہ خام تیل کی درآمد کے لیے درکار 12.5ار ب ڈالر میں سے 6.4ارب ڈالر کا بندوبست کرلیا جبکہ سالانہ 4.2ارب ڈالر کی درآمدی ایل این جی میں سے سعودی فنڈ سے 1.5ارب ڈالر کی قرض کی سہولت میسر ہوگی۔ ملک میں خام تیل اور آر ایل این جی کی سالانہ درآمد کیلئے درکار 16.7ارب ڈالر میں سے 7.9ار ب ڈالر قرضہ سہولت کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ولی عہد دورہ پاکستان کے دوران6 جنوری کو وزیرا عظم عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اس پیکیج کا اعلان کریں گے ۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب اماراتی حکومت نے پاکستان کیلئے 3ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں بھی رکھنے کا اعلان کیا ہے تاکہ پاکستان ادائیگیوں کے عدم توازن پر قابو پا سکے، اس سے پہلے سعودی عرب بھی پاکستان کیلئے 3.2ارب ڈالر مالیت کا ادھار تیل اور 3ارب ڈالرا سٹیٹ بینک میں رکھنے کا اعلان کر چکا ہے ۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی طرح متحدہ عرب امارات بھی ادھار پر تیل فراہم کرے گا ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ پٹرولیم ڈویژن قطری حکومت کے ساتھ آر ایل این جی کی درآمد کیلئے قرضہ سہولت پر بھی بات چیت کررہا ہے ۔